منگلورو،11؍ دسمبر (ایس او نیوز) ایک پرائیویٹ کالج میں زیر تعلیم دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لڑکے اور لڑکی کے بس میں ایک ساتھ سفر کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے بس کنڈکٹر اور غیر اخلاقی پولیس گری کرنے والے دیگر افراد نے حملہ کردیا۔اس معاملے میں پولس نے چار لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جمعہ کو جب طالب علموں کی یہ جوڑی اڈپی کے لئے بس پر سفر کررہی تھی تو بس کنڈکٹر نے یہ کہتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کردیا کہ لڑکا دوسرے مذہب کی لڑکی کے ساتھ سفر کررہا ہے۔ پہلے ان دونوں سے شناختی کارڈ پوچھے گئے، جیسے ہی تصدیق ہوئی کہ لڑکا مسلم ہے، بس میں سفر کررہے غیراخلاقی پولیس گری کرنے والے گروپ اور کنڈکٹر نے مل کر لڑکے کی پیٹائی شروع کردی۔ بعد میں ان دونوں کو الگ الگ بسوں میں سفر کرنے پر مجبور کیا گیا۔ واقعے کے فوری بعد اس پورے معاملہ کی ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔
پتہ چلا ہے کہ لڑکا اور لڑکی منگلور کے مضافاتی علاقہ وامنجور کے قریب ایک پرائیویٹ کالج میں پڑھتے ہیں، لڑکی کا تعلق اڈپی سے جبکہ لڑکا شموگہ کا رہنے والا ہے۔
واقعے کے تعلق سے پولیس کمشنر این ششی کمار نے بتایا کہ اس معاملہ پر پولیس نے از خود نوٹس لیتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں کارروائی کرتے ہوئے اب تک بس کنڈکٹر سمیت 4 ملزمین کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے، جن کی شناخت پرکاش، رنجیت، رگھویندرا اور پون کی حیثیت سے کی گئی ہے۔